بسم اللہ الرحمن الرحیم

 السلام و علیکم

رمضان المبارک کے مقدس  مہینے کو الوداع کہتے ہوئے، میں بیلجیم اور لکسمبرک میں مقیم پاکستانی برادری کے تمام افراد کو عید الفطر کی  مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

عیدالفطر کا تہوار اسلامی تہذیب ، ثقافت اور ملی روایات کی علامت ہے۔ یہ دن ایثار، ہمدردی، تقویٰ ، پرہیزگاری، خدمت خلق اور احترامِ انسانیت کا پیغام  دیتا ہے۔ عید ایک ماہ کی اس تربیت کی تکمیل کا دن بھی ہے جو رمضان المبارک کے دوران مسلمانوں کو حاصل ہوتی ہے۔  ضبط ِنفس، ایثار اور صبرورضا کی اس ایک ماہ کی تریبت کا مقصد ہی یہ ہے کہ سال کےباقی ماندہ گیارہ مہینوں میں بھی ہم ان رویوں کو  برقرار رکھیں۔ اسی طرح یہ دن رمضان المبارک میں عبادت گزاروں کے اعزاز واکرام  اور خود احتسابی کا بھی دن ہے۔

انسانیت کرونا وائرس کے بحران سے گذر رہی ہے۔ گذشتہ برس کی طرح اس سال بھی ہم کرونا وباء کے باعث، نہ تو  ماہِ رمضان روایتی طریقے سے منا سکے اور نہ ہی عید کو روایتی جوش و خروش سے منا سکیں گے۔ معاشرتی دوری اور دیگر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ایک بار پھر ہم  بیلجئم اور لکسمبرگ میں مقیم  پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل کر یہ خوشگوار ار دن  نہیں گزار سکیں گے۔

سفری پابندیوں  کے باعث ہم میں سے بہت سے لوگ عید    اپنے عزیز رشتہ داروں اور  احباب کے ساتھ نہیں گزار پائیں گے۔  لیکن ہمیں یہ اطمنان رکھنا چاہئے کہ اللہ تعالی  کی لازوال نعمتوں کی کوئی حد نہیں اور انشاء اللہ، بہت جلد ہم اس وبائی بیماری   پر قابو  پانےمیں کامیاب ہو جائیں گے۔

میں عید کی مبارکباد کے ساتھ  ساتھ آپ سب کو  اس بات پر بھی مبارکباد دیتا ہوں کہ آپ نے ماہ  رمضان کے دوران COVID-19  کے باعث عائد پابندیوں پر  مکمل عمل کرتے ہوئے  اپنی اور دوسروں کی صحت کا خیال  رکھا۔

آپ نے رمضان کی روح اور مقصد کو سمجھتے ہوئے صبر کا  جو مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔

آئیے ہم اس عید کو سادگی اور پُر وقار   طریقے  سے منائیں۔   اللہ تعالی’  آپ کو عید کے  بابرکت موقع پر خوشی، امن اور مسرت عطا فرمائے۔

آمین۔

عید مبارک  

 پاکستان زندہ باد