السلام و علیکم

بیلجیم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں اپنی پوسٹنگ کی مدت پوری ہونے پر، میں بیلجیم اور لکسمبرگ میں رہنے والے اپنے  تمام پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو الوداع کہنا چاہوں گا۔

 بطور سفیر،  بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمت ،  انکے مسائل کا فوری تدارک اور   بلا تعطل خدمات کی فراہمی  میری  اولین ترجیح رہی ہے ۔کروناء   وبا کے مشکل دنوں میں بھی سفارتخانے نے اپنا کام جاری و ساری رکھا حالانکہ اس دوران  بہت سے سفارتخانوں نے اس اپنا کام بند کردیا تھا۔  مجھے امید ہے کہ انشاءاللہ آئندہ بھی سفارت خانہ  پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دیتا رہے گا ۔  

 یہاں میں آپ کو انتہائی فخر سے بتانا چاہتا ہوں  کہ  میرے  دوران تعیناتی  ، پاکستان اور میزبان ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون  میں وسعت اور گہرائی میں اضافہ ہوا ۔ اس دوران بہت سے اہم   دوطرفہ  وفود  کا تبادلہ ہوا۔ ان   اعلیٰ سطحی  دوروں نے بیلجیئم،  لکسمبرگ ، یورپی یونین اور   پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ اس حوالے سے ہم آپکو گاہے بگاہے آگاہ کرتے رہے ہیں۔ لیکن اس موقع پر ان تفصیلات کا احاطہ کرنا ممکن نہیں۔

  ذاتی طور پر، میں  آپ سب کا  شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ آپ سب نے میرے ساتھ   بھرپور گرمجوشی اور مہمان نوازی  کا مظاہرہ کیا۔آپ نے بیلجئم کو  واقعی  ہمارا گھر اور ایک ایسی جگہ  بنایا جہاں  ہم  اکثر واپس آنے کی امید کرتے رہیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستان ،  بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لوگوں کے درمیان بطور قوم رشتہ ہمارے تعلقات کی مضبوط بنیاد رہے گا۔

 یہاں میں  میڈیا کے احباب کا  بھی خاص طور پر مشکور ہوں کہ  انہوں نے  پاکستان کی مثبت تصویر پیش کی اور پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔ اسی حوالے سے   ایک افسوس ناک خبر یہ بھی ہے کہ ہمارےعزیز دوست   اور  جیو ٹی وی کے سینئر صحافی جناب خالد حمید  فاروقی صاحب کا گزشتہ شب  انتقال ہو گیا ہے ۔ میں اپنے اور تمام پاکستانیوں کی طرف سے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں اور  دعا گو ہوں کہ اللہ پاک ان کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

میری اگلی ذمہ داریاں اب کینڈا میں ہو گی اور میں آپ سب کو کینڈا میں کھلے دل سے خوش آمدید  کہنے کا منتظر رہوں گا۔

  میں اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ آپ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور  وطن عزیز  کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے۔

 آمین۔

    پاکستان زندہ باد